9مئی واقعات، تحریک انصاف کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، عدالت کا حکم جاری

فیصل آباد ( پی این آئی) عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کے 4 رہنمائوں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا گیا، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور ہونے پر جائیدادیں ضبط کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی ائی کے سابق ایم این اے فیض اللہ کموکا اور ان کے بھائی کلیم اللہ کموکا کی جائیداد ضبط کی جائیں، سابق ایم پی اے اسد معظم اور اقلیتی رہنماء حبقوق گل کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا جاتا ہے، جائیداد ضبطگی کے حوالے سے متعلقہ رپورٹ اگلی سماعت پر عدالت می‍ں پیش کی جائے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا اور ان کے بھائی کلیم اللہ کموکا 9 مئی کے بعد پاکستان تحریک انصاف چھوڑ چکے ہیں جب کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی اور فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے سابق سٹی صدر ڈاکٹر اسد معظم 9 مئی کے واقعات کے بعد سے اب تک روپوش ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو 9 مئی واقعات کے کیسز میں عبوری ضمانتوں میں توسیع مل گئی، اس ضمن میں انسدادِ دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر، چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمٰی خان کی عبوری ضمانتوں میں 22 نومبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔ بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانتوں پر سماعت کی، دوران سماعت تفتیشی افسر انسپکٹر سرور نے کہا کہ ’ملزمان شامل تفتیش نہیں ہو رہے ہمیں ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے‘، اس کے جواب میں وکیل صفائی برہان معظم ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ ’یہ تفتیشی غلط کہہ رہے ہیں،عدالت وقت طے کر دے اس وقت جو جوائن نہ کرے اس کی اسپیشل رپورٹ بنا دیں لیکن ہمیں یہ بتا دیں کہ ہم پر الزام کیا ہیں؟ ہم جب بھی تفتیش جوائن کرنے گئے تفتیشی افسر ملتا ہی نہیں‘، بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے اسد عمر، علیمہ خان اور عظمی خان کی عبوری ضمانتوں میں 22 نومبر تک توسیع کردی۔

بتایا جارہا ہے کہ 9 مئی کے تمام مقدمات کے چالان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرا دئیے گئے، تمام شواہد بھی چالان کے ساتھ لگا دئیے گئے ہیں، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کا جیل ٹرائل ہوگا، پی ٹی آئی قیادت نے تعاون کرنے سے انکار کیا، چئیرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے، عمران خان سے پہلے بھی رابطہ کیا گیا انہوں نے تعاون نہیں کیا، چئیرمین پی ٹی آئی کا 9 مئی کے مقدمات میں اب جیل ٹرائل ہو گا۔ معلوم ہوا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر فیصل آباد اور قصور پولیس نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، پولیس افسران نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے تفتیش شروع کردی، فیصل آباد پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی، پولیس افسران نے فیصل آباد میں درج مقدمے پر دونوں سے سوالات کیے، پولیس افسران نے 9 مئی واقعات پر ڈیڑھ گھنٹے سے زائد تفتیش کی، تفتیش کے بعد فیصل آباد اور قصور ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close