کراچی(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے منگل کے روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اعلان کیا کہ اسرائیلی دہشت گردی اور جارحیت کے خلاف اہل غزہ اور فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعرات 9نومبر کو بچوں کا ’’ملین مارچ‘‘اورمنگل 7نومبر کو ڈاکٹر ز سمیت دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کا بھی مارچ کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف بھاری اکثریت سے جنگ بندی کی قرارداد منظور کی گئی لیکن اس کے باوجود امریکا نے اسرائیل کی سرپرستی جاری رکھی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اسرائیل اقوام متحدہ کی قرارداد کو بھی ماننے کے لیے تیار نہیں ہے، اس وقت امریکہ اور بیشتر یورپی حکومتیں اسرائیل کی دہشت گردی کی پشت پناہی کررہی ہیں جس سے مغربی دنیا کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔حکومت کی جانب سے گھریلوصارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 173فیصداورصنعتی اداروں کے لیے 193فیصد اضافہ کسی صورت قبول نہیں، سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے،پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 200روپے کی جائے،گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں،5نومبر کو ضمنی بلدیاتی انتخاب میں قبضہ میئر مرتضیٰ وہاب کو الگ الگ ٹاؤن کی تین یوسیز سے انتخاب لڑنے کی اجازت دے کر انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے،قبضہ میئر بلدیاتی ضابطہ اخلاق کے سیکشن B-16کی بھی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتخاب لڑ رہے ہیں اور اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں،دوسری طرف الیکشن کمیشن نہ صرف تماشائی بلکہ ان کا سہولت کار بنا ہواہے۔صوبائی الیکشن کمشنر انور چوہان نے پورے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کیا ہے اور آج بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ قبضہ میئر کچھ بھی کر لیں یہ قانونی طور پر میئر نہیں بن سکتے۔مرتضیٰ وہاب سن لیں قبضہ، قبضہ ہی رہے گا۔ قبضے کی آئینی اور قانونی کوئی حیثیت نہیں ہے، قبضہ میئر مخالفین کو ڈرا دھمکا کر خود کو جتوانے کے بعد ابراہیم حیدری کے عوام کا شکریہ ادا کر کے جمہوریت کو تماشہ بنا رہے ہیں۔16مئی 2022کے لوکل گورنمنٹ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ضابطے کے مطابق کوئی بھی شخص اپنے رہائشی ٹاؤن کے باہر انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا لیکن الیکشن کمیشن نے مرتضیٰ وہاب کو یہ سہولت دی۔
پریس کانفرنس میں نائب امرائ جماعت اسلامی کراچی راجہ عارف سلطان،سیف الدین ایڈوکیٹ، امیرضلع ائیرپورٹ توفیق الدین صدیقی،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری،نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی عمران شاہداور سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ گیس کی قیمتیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اور دوسری طرف گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث گیس کا شدید بحران بھی موجود ہے جس کی وجہ سے نہ صرف صنعتی بلکہ گھریلو صارفین بھی مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں۔ اس صورتحال میں نگراں حکومت کی طرف سے 173فیصد سے 193فیصد تک گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے، نگران حکومت نے حال ہی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی تو کی لیکن جتنی کمی ہونی چاہیئے تھی اتنی نہیں کی گئی اور اس کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچا دوسری جانب اشیائ صرف اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اسرائیلی مسلمانوں کے بچوں کا قتل عام کررہے ہیں،ان پر جدید سے جدید بم برسارہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے قانون کے مطابق کبھی بھی ہسپتالوں اور اسکولوں میں بمباری نہیں کی جاسکتی اور نہ ہی صحافیوں کو نشانہ بناسکتے ہیں،لیکن اسرائیلی دہشت گردی سے 65 صحافی شہید ہوچکے ہیں جو عالمی اداروں کے لیے بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حماس کے مجاہدین کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو پوری امت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کررہے ہیں۔ اسرائیل نے 16سال سے فلسطین کا محاصرہ کیا ہوا ہے،ہر سال بغیر کسی جنگ کے اسرائیلی فوجی درجنوں فلسطینی بچوں کو شہید کرتے ہیں،اسرائیل کے خلاف حماس کی مزاحمت اور جدوجہد بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے اور شریعت کے مطابق ان کی یہ جنگ تمام انسانیت کو بچانے کی جنگ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایٹمی طاقت ملک ہے، نگراں وزیر اعظم اور آرمی چیف عالم اسلام کے حکمرانوں کو دعوت دیں اور اسرائیل کو واضح پیغام دیا جائے کہ اگر جنگ بندی نہ کی گئی تو ہم اسرائیل کی جانب پیش قدمی کریں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں