تحریک انصاف پر پابندی لگانے سے متعلق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا واضح اعلان

لاہور (پی این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

عمران خان کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے، ہم بھی چاہتے ہیں ملک میں ایک مستقل حکومت آئے، اس لیے ووٹ ڈالنے کیلئے جتنے آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی بے چین ہوں، ہم جارہے ہیں چاہے دو گھنٹے یا دو دن میں جائیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان پورا آئین نہیں ہے بلکہ آئین کے کئی اور پہلو بھی ہیں، کیا ان تمام پہلوؤں کو نظرانداز کرکے صرف اس ایک پہلو پر زور دینا چاہیئے؟ اپنے طور پر ہم نے الیکشن کمیشن کو ہر طرح کی معاونت کی یقین دہانی کروا دی ہے، اس سے آگے بڑھ کر ہمارا الیکشن کمیشن سے تاریخ پوچھنا مناسب نہیں ہوگا، جہاں جہاں ہمارا کردار ہے وہ ہم پوری طرح ادا کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا مخصوص طریقہ کار ہے، جس کے بعد ملک میں عام انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن ہی دے گا، مناسب نہیں کہ ہم ان کو بتائیں کب الیکشن کرائیں گے، انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کی معاونت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیجا جارہا، کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزہ لے کر پاکستان آسکتا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک بغیر دستاویز کسی کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا، جو غیرملکی غیر قانونی مقیم ہیں ان کی تین اقسام ہیں۔

کافی لوگ یہاں سالوں سے بغیر ڈاکیومنٹیشن کے بغیر رہائش پذیر ہیں، ہم کوئی غاصب ریاست نہیں کہ کسی کی املاک پر قبضہ کرلیں، ہمارے سسٹم کو اگر کسی نے خراب کیا ہے تو ہم اس کو ٹھیک کریں گے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دورہ پنجاب میں حکومت کے بہت سے منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، تہذیب و ثقافت کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں، شاہی قلعے کی ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند ہے، توقع ہے دیگر صوبے بھی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، پنجاب حکومت کو جہاں ضرورت ہوگی وفاق مدد فراہم کرے گا۔

close