اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے نظر بند 13 کارکنوں کو اڈیالہ جیل سے رہائی مل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نظربندی کی مدت مکمل ہونے کے باعث پاکستان تحریک انصاف کے نظر بند 13 کارکنان کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران پی ٹی آئی کے 19 کارکنوں کواڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا ہے، ان کارکنوں کونقص امن کے خطرے کے پیش نظرحراست میں لیا گیا تھا، ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے کارکنان کی نظربندی کے احکامات جاری کیے تھے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلاء کی فہرست تیار کرلی گئی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سابق وزیراعظم سے پوچھ کر لسٹ ہائی کورٹ میں جمع کرا دی، جیل انتظامیہ نے بتایا ہے کہ چیرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلاء کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے، پی ٹی آئی چیرمین سے 10 وکلاء کی ٹیم کو ملاقات کی اجازت ہو گی، وکلاء ٹیم میں حامد خان، بیرسٹر عمیر نیازی، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ بیرسٹر علی ظفر شامل ہیں، بیرسٹر سلمان صفدر، لطیف کھوسہ، شعیب شاہین، علی گوہر، برہان معظم اور شیر افضل مروت بھی اس لسٹ میں شامل ہیں۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملاقات کی فہرست اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی جمع کروائی گئی ہے، سپرنٹنڈنٹ جیل نے عمران خان سے پوچھ کر لسٹ ہائیکورٹ میں جمع کروائی، منگل اور جمعرات کو 10 رکنی وکلاء ٹیم کو پی ٹی آئی چیرمین سے ملاقات کی اجازت ہو گی۔ معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق درخواست نمٹانے کا تحریری حکم جاری کردیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے فیصلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے اقدام پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے اظہار اطمینان کیا، سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہا فیملی ہفتے میں دو دن ملاقات کی درخواست دے تو قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں