تحریک انصاف کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، اہم رہنما کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

راولپنڈی (پی این آئی ) راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ساجد محمود نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما پی پی 9 سے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ساجد محمود نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 2008ء میں پی ٹی آئی کو جوائن کیا، دو الیکشن لڑے جن میں سے ایک ہارا ایک جیتا، میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں جو ایک دلخراش واقعہ تھا جس نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، ہر سیاسی جماعت نے اس کی مذمت کی، عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں اس معاملے کو جلدی نمٹایا جائے اور جو ملوث ہیں ان کو کڑی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز سے معافی مانگتا ہوں اور تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، اب کے بعد سے میرا پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے، آئندہ الیکشن آزاد لڑنا ہے یا کسی سیاسی جماعت کو جوائن کرنا ہے، ایک دو ہفتے میں میٹنگ کال کر کے اس کا فیصلہ کریں گے۔

چند روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر گوجر خان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری محمد عظیم نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، جنہوں نے 2018ء میں این اے 58 گوجر خان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ انتخابات میں حصہ لیا تھا، ایک بیان میں چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ عمران خان کی پالیسیوں کا حامی نہیں ہوں اور ان کی اداروں کے خلاف گفتگو اور 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں کی مشاورت سے طے کروں گا۔ ادھر پی ٹی آئی رہنماؤں کا استحکام پاکستام پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے، تحریک انصاف کی مرکزی رہنما عندلیب عباس، سعدیہ سہیل رانا اور سمیرا احمد نے تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ عندلیب عباس نے اس موقع پر کہا کہ ہم سب نے ماضی کو بھول کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمیں عام آدمیوں کی زندگی کو بہتر بنانا ہے، اس وقت پاکستان کے حالات بے بسی کا شکار ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما 9 مئی کے واقعات کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے تھے، استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے پارٹی کے سینئر رہنما عون چوہدری، فرخ حبیب اور فواد چوہدری نے ملاقاتیں کیں، پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے فرخ حبیب کو پارٹی میں اہم عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے، ملاقات کے دوران جہانگیر ترین نے فرخ حبیب کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close