چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے جانبدارانہ طرزِعمل، متعصّبانہ فیصلوں اور ہر لحاظ سے امتیازی انصاف کی شدید مذمت کرتی ہے۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے مقدمات کی سماعت کے باب میں امانت و دیانت کے بنیادی اصولوں سے صریح انحراف کے بعد بطور جج اپنی حیثیت مکمل طور پر کھو چکے ہیں، چیئرمین عمران خان کیخلاف جسٹس عامر فاروق کا بغض و عناد کی حد تک تعصّب اور جانبداریت روزِ روشن کی طرح قوم پر واضح ہوچکے ہیں۔پی ٹی آئی کورکمیٹی نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عدالتوں سے کرپشن جیسے سنگین جرائم کے مرتکب قومی مجرم کی خلافِ قانون نجات کیلئے کی جانے والی سہولت کاری عدلیہ کے تقدس اور انصاف کی حرمت پر کاری ضرب ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کے ہاتھ میں عدل کی میزان خود عدل کیلئے باعث ہزیمت و رسوائی ہے اور عدلیہ پر قوم کے اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچا رہی ہے، نہایت ناقص اور صریح بے انصافی پر مبنی فیصلوں کے ایک طویل سلسلے کی روشنی میں جسٹس عامر فاروق کو منصبِ قضا سے معزول کیا جائے اور چیئرمین عمران خان کے مقدمات کو کسی منصب مزاج جج کے سپرد کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں من پسند افراد کی خاطر جمہویت تک معطل ہو جاتی ہے، آج پاکستان میں سوائے کرپٹ افراد کے کسی کے حقوق نہیں، کوئی کسی بھی وقت اٹھا لیا جائے اور پھر اس پر تشدد کیا جائے، کسی کا بھی گھر گرا دیا جائے، جعلی کیس میں مہینوں قید رکھا جائے، کوئی پوچھنے والا نہیں، البتہ من پسند افراد کی خاطر جمہویت تک معطل ہو جاتی ہے، اس پر عوام میں شدید ردعمل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں