سکولوں میں چھٹی دینے سے متعلق اہم اعلان کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسموگ بڑھی تو سکولوں میں بدھ کی چھٹی دینے کی تجویز بھی موجود ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ ابھی کنٹرول میں ہے،ابھی اس لیول پر نہیں جس لیول پر پچھلے سال تھی، اگر اسموگ بڑھی تو اس کو بھی کنٹرول کرنا ہے، اسموگ بڑھی تو بدھ کی چھٹی کی تجویز بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے چار ماہ کا بجٹ دیا تھا وہ چار ماہ کا بجٹ ختم ہوچکا ہے، قانونی ٹیم سے بات کرکے 30اکتوبر کو آئندہ 4ماہ کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں گے، یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ کسانوں سے اپیل ہے کہ وہ مقررہ قیمت سے کم پر کپاس فروخت نہ کریں، حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے۔

مزید برآں نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ آفس کا دورہ کیا اور فارن فنڈڈ پراجیکٹس کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاریخ میں پہلی بار فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی مشترکہ جائزہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی، عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین، ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی اور دیگر ڈونرز اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے وزیراعلی کو بریفنگ دی، وفاقی سیکرٹری اکنامک افیئرز، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے 2456 ملین ڈالر کی لاگت سے 12 پراجیکٹس جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 849 ملین ڈالر کی لاگت سے 8 پراجیکٹس پر کام جاری ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے ایگریکلچر اینڈ رورل ٹرانسفارمیشن پروگرام، گرین ڈویلپمنٹ پروگرام، سٹی پروگرام سمیت دیگر پراجیکٹ جاری ہیں۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب ٹورازم برائے اکنامک گروتھ بھی ورلڈ بینک کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا، نیشنل ہیلتھ پروگرام کی تکمیل کے لئے ورلڈ بینک اور دیگر ادارے معاونت کر رہے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب نے فارن فنڈڈ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور فیملی پلاننگ میں اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور فیملی پلاننگ کے شعبوں میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط ٹیم ورک سے بہتر نتائج کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تیز ترین رسپانس ناگزیر ہے، پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے اور ہم عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگراداروں کے ساتھ اشتراک کار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجے بن حسین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ادارہ جاتی اصلاحات قابل تحسین ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close