پی ٹی آئی رہنمائوں کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات پر وضاحتی بیان جاری

اسلام آباد (پی این آئی) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات پر تحریک انصاف کی وضاحت آگئی۔

رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں الیکشن اور کے پی کی صورتحال پر زیادہ گفتگو ہوئی، فضل الرحمان نے کہا کہ سب پارٹیوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس تعزیت کیلئے گئے تھے۔ہماری فضل الرحمان سے سوشل ملاقات تھی سیاسی نہیں۔انھوں نے کہا کہ تلخیاں ختم کرنے کیلئے مولانافضل الرحمان کے پاس ملاقات کیلئے گئے۔ ذاتی رنجشیں ختم کر کے سیاسی مخالفت ہونی چاہیے۔ رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف انصاف کیلئے جس طر منتظر ہیں کاش ایسا سب کیلئے بھی ہوتا۔ماضی کے تلخ تجربات کو مستقبل پر حاوی نہیں ہونا چاہیے۔ ن لیگ کے علاوہ سب جماعتیں لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کررہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا ساتھ مل کر چلنے کی بات قبل ازوقت ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ابھی تک الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا۔

بیرسٹرسیف کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں حتمی رائے نہیں دی جاسکتی، اتحاد پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ماضی سے اچھا سبق سیکھ کر آگے کا سوچیں تو مستقبل بہتر ہوسکتا ہے۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔جمعرات کو جے یو آئی کے مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خرم دستگیر نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close