پی ٹی آئی نے کن کن ٹی وی اینکرز کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا؟ بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے لاپتہ رہنماؤں کے انٹرویوز کرنے والے اینکرز کے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کامران شاہد، عادل شاہزیب اور منیب فاروق کے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، کورکمیٹی نے تینوں اینکرز کے مکمل بائیکاٹ کی منظوری دے دی، پاکستان تحریک انصاف کا کوئی نمائندہ ان تینوں اینکرز کے پروگراموں میں شریک نہیں ہوگا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ذرائع ابلاغ کی انتظامیہ اور اس سے وابستہ صحافیوں سے آئین و قانون اور مسلّمہ صحافتی اقدار و اخلاقیات کی پاسداری کی امید کرتی ہے، ان تین اینکرز نے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے تحریک انصاف کے قائدین عثمان ڈار، صداقت عباسی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے اغواء کاروں کے ساتھ مل کر پلانٹڈ انٹرویوز کیے، اس لیے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بطور احتجاج ان تینوں اینکرز کے ساتھ کسی مباحثے یا پروگرام میں شریک ہوگی نہ ہی ان سے کسی قسم کا تعاون کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیہ میں ترجمان نے کہا کہ ریاستی اغواء کاروں کے ساتھ مل کر غیرآئینی و غیرقانونی طور پر لاپتہ کئے گئے شہریوں اور سیاسی افراد کے پلانٹڈ انٹرویو صحافتی اقدار و اخلاقیات پر حملہ اور ایک مجرمانہ فعل ہے، چینلز انتظامیہ اور صحافتی تنظیموں سے توقع ہے وہ صحافت کی حرمت کا سودا کرکے ملک میں لاقانونیت کی سہولت کاری کے مرتکب ان تینوں اینکرز کے خلاف اپنی اپنی سطح پر مذمت اور کارروائی کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں