صدر مملکت عارف علوی نے انٹیلی جنس سربراہ کو بڑا حکم جاری کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے ڈائریکٹر جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کسٹمز، ایف بی آر اسلام آباد کو گاڑیوں کی انڈر ہینڈ نیلامی کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن (کسٹمز) کوئٹہ کی طرف سے 21جولائی 2022ءکو کوئٹہ میں گاڑیوں کی یہ نیلامی کی گئی تھی۔ اس میں متعدد گاڑیاں نیلام کی گئیں، جن میں ایک ٹویوٹا پریمیو 1800سی سی ماڈل 2007ءبھی شامل تھی۔قائم خان نے نیلامی میں 25لاکھ 25ہزار روپے کی بولی دی جو ریزرو قیمت کا 96فیصد تھی۔ اس نے بیعانے کے طور پر 5لاکھ روپے کی رقم بھی کسٹمز کو جمع کرا دی لیکن اس کی بولی مسترد کر دی گئی۔اسی گاڑی کے لیے دوسری بار 22اگست 2022ءکو نیلامی کرائی گئی ، جس میں ارشد خان نامی شخص نے قائم خان سے زیادہ ساڑھے 26لاکھ روپے بولی دی، جسے ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی کوئٹہ نے منظور کر لیا۔بعد ازاں ظہور احمد نامی شخص کی طرف سے شکایت درج کرائی گئی کہ اس 21جولائی کو ہونے والی نیلامی میں بولی دی تھی جو ریزرو قیمت کے 100فیصد سے بھی زیادہ تھی۔ظہور احمد کی طرف سے وفاقی محتسب سے رجوع کیا گیا جہاں سے معاملہ صدر مملکت کے پاس پہنچا، جنہوں نے اس انڈرہینڈ نیلامی کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں