افغانیوں کو پاکستان سے نکلنے کیلئے مزید مہلت دی جائیگی یا نہیں؟ حکومت نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) نگران وفاقی حکومت نے غیرقانونی مقیم افراد کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن بڑھانے کی تردید کردی، نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ غیرقانونی مقیم افراد کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن بڑھانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔

ہم صرف افغانیوں کو ہی نہیں بلکہ پاکستان میں مقیم تمام غیر قانونی تارکین وطن کو نکال رہے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی غیر ملکی اگر پاکستان آئے گا تو وہ پاسپورٹ لے کر آئے گا، کیوں کہ کوئی بھی ملک ہو وہ اس معاملے میں حساس ہوتا ہے، اس لیے اس معاملے پر کوئی سفارتی مداخلت نہیں ہوئی، اس وقت غیر قانونی مقیم افراد کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن بڑھانے کی ایسی کوئی تجویز نہیں ہے، اگر کوئی تجویز آتی ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بات کریں گے۔ علاوہ ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اخلہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے غیر قانونی طور پر پاکستان میں موجود افراد کو نکالنے کی بات کی لیکن ہمارے اس پیغام کو اس طرح آگے پہنچایا گیا جیسے ہم شاید صرف افغانیوں کو یہاں سے نکال رہے ہیں حالاں کہ ہم نے صرف افغانیوں ہی نہیں بلکہ تمام غیر قانونی مقیم تارکین وطن کے حوالے سے بات کی، آپ کو برفنگ میں بتائیں گے حکومت اس سلسلے میں کیا کر سکتی ہے اور قانون کیا اجازت دیتا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس حوالے سے بہاریوں کا معاملہ ہمارے علم میں نہیں ہے، ہاں البتہ حکومت ایران سے آنے والے بلوچوں کو بھی نکال رہی ہے کیوں کہ کسی بھی ملک میں یہ نہیں ہوتا کہ کوئی غیر قانونی طور پر آ کر بیٹھ جائے تاہم اگر کسی کے پاس مہاجر کارڈ یا ویزہ ہے تو وہ ہمارا مہمان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close