کراچی (پی این آئی ) مسلم لیگ ن کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قائد نوازشریف کے استقبال کیلئے نہ جانے کی وجہ بتادی۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے نوازشریف کے استقبال کے لیے نہ جانے کا سوال پوچھا گیا تو اس کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کیلئے اس لئے نہیں گیا کیوں کہ میں پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پانچواں سال ہے ہم یہاں آتے ہیں اور کچھ نہیں ہوتا، عدالتوں میں کیمرے لگائیں اورعوام کو دکھائیں ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے، لوگ 10،10 سال سے انصاف کیلئے یہاں آرہے ہیں، نیب کو ختم کرنے کی ایک ترمیم ہونی چاہیئے، پچھلی حکومت نے 5 ترامیم کیں لیکن سابق چیف جسٹس نے ایک بینچ بنایا اور پارلیمان کے بنائے گئے قانون کو ختم کردیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کیسز کو چلائیں اور بتائیں ہم سے کیا غلطی ہوئی؟ ہم پر کیس کیا ہے؟ انصاف کا تقاضہ کہاں گیا اور انصاف کہاں گیا؟ ان کیسوں کو چلائیں، عوام کو دکھائیں کون سی کرپشن ہوئی ہے؟ موجودہ افسران پچھلوں کو دیکھتے ہیں تو کام کرنے کو تیار نہیں ہوتے، نیب ایسا ادارہ موجود ہے، جس کا کام سیاستدانوں کو توڑنا اور جوڑنا ہے، نیب نے ملک کو مفلوج کردیا ہے۔
اعلیٰ عہدوں پر رہنے والوں کو انصاف نہ ملے توعام آدمی کو کیسے ملےگا، میرا آنے والی حکومت سے بھی مطالبہ ہے نیب کو ختم کریں۔قبل ازیں احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے شریک ملزم ارشد مرزا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت بغیر کسی کارروائی7 نومبر تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں