ایک شخص علاج کرانے باہر گیا تھا، جلا وطنی کا لفظ کہاں سے آ گیا، پیپلز پارٹی نے نواز شریف کو نشانے پر رکھ لیا

کراچی(آئی این پی ) پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہاہے کہ ایک شخص علاج کرانے باہرگیا تھا، یہ جلا وطنی کا لفظ کہاں سے آگیا۔پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پاکستان آئے اچھی بات ہے، مسلم لیگ (ن) نے ان کا استقبال کیا اچھی بات ہے، تاثردیا جارہا ہے وہ کسی انڈر سٹینڈنگ کے آئے ہیں، یہ بھی تاثر دیا جارہا ہے کہ نوازشریف کو وزیراعظم بنوایا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ امید ہے نوازشریف اس تاثرکی نفی کریں گے، الیکشن میں عوام جسے منتخب کرے اسے وزیراعظم بننا چاہئے، نگران پنجاب حکومت (ن)لیگ کی ایما پر چل رہی ہے، تمام جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ ملنی چاہئے، کسی جماعت کو لاڈلے والی ٹریٹمنٹ نہیں ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ہم نے بنائی تھی لیکن الگ ہوگئے تھے، مسلم لیگ ن والے کہہ رہے تھے چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں ہیں ان پر پابندی لگائی جائے، ہم ایسا کوئی مطالبہ نہیں کر رہے، تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا موقع ملنا چاہئے، یہ نہیں ہونا چاہئے (ن) لیگ کے لئے میدان الگ اور ہمارے لئے الگ ہو۔سعید غنی نے مزید کہا کہ جتنی جلدی انتخابات ہوں گے اتنی ہی جلدی ملک بحرانوں سے نکلے گا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں