صرف 45منٹ میں گوجرانوالہ سے لاہور پہنچ جائیں، نئی موٹروے کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب پہنچ گئی

لاہور(پی این آئی) رواں برس 25دسمبر کو گوجرانوالہ موٹروے کے ساتھ لنک ہوجائے گا جس سے گوجرانوالہ سے لاہور تک کا فاصلہ 45 منٹ سے کم رہ جائے گا۔

وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا، انہوں نے گوجرانوالہ موٹروے لنک روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولنے کی 25 دسمبر کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی اور لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کامعائنہ کیا۔اپنے دورے کے دوران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سڑک کی تعمیر کے لئے جاری کاموں کاجائزہ لیا، تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی، دو رویہ سڑک کی جلد تکمیل کے لئے ایف ڈبلیو او کے حکام کو ہدایات دیں، انہوں نے پورے روٹ کا فضائی دورہ بھی کیا اور روٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا، انہوں نے 15.2کلومیٹر بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا فضائی معائنہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس ہوا، ایف ڈبلیو او کے کرنل عمران نے منصوبہ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 15.2کلومیٹر طویل اپرووچ روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر مجموعی طور پر 57فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، بے نظیر چوک سے واہنڈو انٹر چینج تک زیر تعمیر روڈ پر80 فیصد ارتھ ورک مکمل کرلیا گیاہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ 7 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے دو رویہ سڑک کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے، منصوبہ مقررہ تاریخ تک مکمل ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close