الیکشن تاریخ سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کا بڑا اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کیلئے مکمل تیار ہیں، حلقہ بندیوں میں وقت لگ رہا ہے، الیکشن کی تاریخ سے متعلق بہتر فیصلہ الیکشن کمیشن ہی کرسکتا ہے۔

دبئی سے روانگی سے قبل ائیر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئےسابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرسکتا ہے اور وہی مجاز ادارہ ہے، الیکشن کمیشن جب کوئی تاریخ دے گا تب ہوں گے، میری ترجیح وہی ہے جو الیکشن کمیشن تاریخ دے گا، آج ایک شفاف الیکشن کمیشن ہے وہ اس معاملے میں بہتر فیصلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کیلئے تیار ہیں مگر ابھی حلقہ بندیاں ہونی ہیں، مردم شماری کے بعد ایک پراسس ہوتا ہے اس میں وقت لگتا ہے، سب الیکشن کمیشن کی نظر میں ہے، وہ بہتر فیصلہ کرے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی بیٹی کو بھی بلآخر کلین چٹ ملی اور وہ ملنی ہی تھی، کسی حد تک سرخرو ہو کر پاکستان جا رہے ہیں، سب کچھ اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ اچھا ہوتا کہ آج 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے، دکھ ہے کہ ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے چلا گیا۔ ن لیگ کے قائد کا کہنا تھا کہ جو ملک آئی ایم ایف کو بھی خدا حافظ کہہ چکا تھا آج اضطراب کا شکار ہے، حالات ہم نے خود بگاڑے ہیں ٹھیک بھی خود ہی کرنے ہیں، ملک کے مسائل حل کرنے کی قابلیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچ چکے ہیں، دبئی سے خصوصی پرواز کے ذریعے سابق وزیراعظم پہلے اسلام آباد پہنچے جہاں سے بعد میں لاہور پہنچ کر مینار پاکستان پر منعقدہ مسلم لیگ ن کے جلسے میں کارکنان سے خطاب کیا۔ یہ بھی یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف 2019 میں علاج کیلئے پاکستان سے لندن گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں