نواز شریف کا مینار پاکستان جلسہ ناکام قرار دیدیا گیا

لاہور (پی این آئی) نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے مینار پاکستان جلسے میں لاہوریوں کی زیادہ تعداد شریک نہیں تھی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اینکر شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون اینکر علینہ شیخ نے مسلم لیگ ن کے مینار پاکستان جلسے سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ن لیگ کے مینار پاکستان جلسے کیلئے لاہوری باہر نہیں نکلے، شام ساڑھے 4 بجے تک جلسہ گاہ میں شرکاء کی تعداد زیادہ نہیں تھی، شام 5 بجے کے بعد شرکاء کی تعداد بڑھنے لگی، جن رہنماوں کو لوگ لانے کا ٹاسک دیا گیا تھا وہ دوسرے شہروں سے قافلے لے کر جلسہ گاہ پہنچے اور ان ہی لوگوں سے جلسہ گاہ بھرنا شروع ہوئی۔علینہ شیخ کے مطابق جلسہ گاہ میں جب لوگوں سے بات کی گئی تو ان لوگوں میں مقامی لاہوریوں کی زیادہ تعداد نہیں تھی۔

جبکہ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے بھی نواز شریف کے جلسے کو ناکام جلسہ قرار دیدیا۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے ن لیگ کے مینار پاکستان جلسے کو ناکام قرار دیے ہوئے کہا ہے کہ عجیب سائنس ہے کہ جلسے کی ڈرون کوریج اور جلسہ گاہ میں جھنڈے لہرانے کی اجازت نہیں دی گئی، جلسے کیلئے تمام حکومتی اور انتظامی مشینری کو استعمال کیا گیا، میری رائے میں یہ ناکام جلسہ تھا، جلسہ بھرنا الگ بات ہے، ووٹ بھرنا الگ، اس بار ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈلےگا، اگر اس بار ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تو انارکی پھیلے گی۔فیصل کریم کنڈی نے نواز شریف کی جانب سے آج کے جلسے میں انتخابات کا ذکر نہ کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فیصلہ ہو گیا ہے تو اعلان بھی کردیں، الیکشن کرانے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو چاہیے تھا کہ الیکشن کی بات کرتے لیکن انہوں نےنہیں کی، نواز شریف کو یقین ہوتاکہ لوگ ان کو ووٹ دیں گے تو وہ الیکشن کی بات کرتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں