سابق وزیراعظم نواز شریف طویل عرصے بعد کہاں پہنچ گئے؟

لاہور(پی این آئی)مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ جاتی عمرا پہنچ گئے۔

نواز شریف کے استقبال کے لیے لیگی کارکن بھی جاتی عمرا پہنچ گئے ہیں، کارکنوں کی جانب سے آتش بازی بھی کی گئی، سابق وزیر اعظم کی آمد پر صدقےکا بکرا بھی جاتی عمرا پہنچا دیا گیا۔ خیال رہےکہ نواز شریف چار سال بعد آج صبح وطن واپس پہنچے تھے، سابق وزیراعظم کے طیارے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ نے پارٹی قائد کا استقبال کیا۔ ائیرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔ انہوں نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواست پر دستخط کیے، ان کا بائیو میٹرک سرٹیفکیٹ بھی لیاگیا۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پرنواز شریف نے تقریباً دوگھنٹے قیام کیا، بعدازاں نواز شریف خصوصی پرواز پر لاہور پہنچ گئے جہاں شہباز شریف سمیت کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ لاہور ائیرپورٹ سے نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوئے۔ ان کے ہیلی کاپٹر کیلئے شاہی قلعےکے پاس دیوان خاص پر ہیلی پیڈ بنایا گیا تھا، نواز شریف نے ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد نماز ادا کی۔ بعدازاں مینار پاکستان پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں۔

ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا۔ نواز شریف کا کہنا تھاکہ آج کئی سالوں کے بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، آپ سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے، اس رشتے میں کوئی فرق نہیں آیا، میرا اور آپ کا رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نہ کبھی آپ نے مجھے دھوکا دیا ہے نہ میں نے کبھی آپ کو دھوکا دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا، راستہ کھٹن ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، برآمدات بڑھانا ہے، زراعت کی انقلابی اصلاحات کرنی ہیں، ہم نے پاکستان کو آئی ٹی پاور بنانا ہے، ہم نے پہلے بھی کیا ہے اب بھی کرکے دکھائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close