اسلام آباد (آئی این پی )نگرا ن وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نوازشریف سے متعلق فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، 90 روز میں انتخابات سے متعلق جواب وزارت قانون دے گی، نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر مرتضی سولنگی نے کہا کہ 90 روز میں انتخابات سے متعلق جواب وزارت قانون دے گی، انتخابات کروانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کیا، شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ میں محدود مدت اور محدود اختیارات کا وزیر ہوں، وزارت قانون الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد موقف دے گی، وزارت قانون نے الیکشن کمیشن سے مشورہ کیا ہے، وزارت قانون حتمی موقف سپریم کورٹ میں پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل بھی موقف دیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد معاملات کو دیکھیں گے، قتل کرنے والے کو بھی قانونی دفاع کا حق ہوتا ہے، آئین کے مطابق ہر شخص کو دفاع کا حق حاصل ہے۔نگرا ن وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت نے آئین و قانون کو دیکھ کرفیصلہ کرنا ہوتا ہے، نوازشریف سے متعلق فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، عدالت کو بتایا گیا کہ وہ پیش ہونا چاہتے ہیں، نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، شکایت اور شور کرنا جمہوریت کا حسن ہے، درست سمت میں چلتے تو جمہوریت کی ٹانگیں کمزورنہ ہوتیں۔نواز شریف کی واپسی سے متعلق مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نوازشریف کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے، نوازشریف پاکستان کے شہری اور 3 بار کے منتخب وزیراعظم ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ نوازشریف کی واپسی پرامن وامان کا مسئلہ نہ ہو۔انہوںنے کہا کہ شہزاد اکبر کی چڑیا کہاں کہاں اڑتی ہے مجھے کیا پتہ ، شیخ رشید کہاں ہیں؟ میرے علم میں نہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ شفقت محمود سے ایک گھنٹہ ملاقات جاری رہی، شفقت محمود پرانے دوست ہیں، نجی ملاقات تھی، میں کسی ایجنڈے یا مشن پر نہیں تھا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں