مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) 24 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو گئی، رواں ہفتے کے دوران 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہوا، 13 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 70 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 35 اعشاریہ 45 فیصد ریکارڈ ہوئی، رواں ہفتے ملک بھر میں 24 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ایک ہفتے کے دوران 14 اشیاء مہنگی، 13 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے پیاز فی کلو 9 روپے 48 پیسے تک سستے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران چکن فی کلو 20 روپے 6 پیسے سستا ہوا، رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 3 پیسے کی کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران چائے کی پتی، مصالحہ جات، چاولوں کی قیمت بھی کم ہوئی، حالیہ ہفتے کے دوران انڈے، مٹن، بیف سمیت 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، رواں ہفتے بریڈ، خشک دودھ سمیت 13 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 34.96فیصد اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے تک ماہانہ آمدنی کے حامل طبقے کیلیے گرانی کی شرح 37.79فیصد رہی۔ اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 36.46فیصد اور 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلیے گرانی کی شرح 34.89فیصد رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 31.19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close