مسلم لیگ ن نے لیپ ٹاپ، یونیورسٹیاں دی ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین نے قوم کو کس کام پر لگایا؟ ن لیگی لیڈر کا دعویٰ

نارووال(آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم اپنے قائد نواز شریف کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کی جدوجہد کا آغاز کریں گے۔تلونڈی بھنڈراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے کبھی فوج سے جنگ نہیں لڑی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کو پاکستان فوج پر حملہ کیا، انہوں نے پاکستان کی ہر اس علامت پر حملہ کیا جس کو پاکستانی قوم سمجھتی تھی کہ اس پر کوئی بات نہیں ہو سکتی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے پاکستان قوم نے اس سازش میں شریک نہ ہو کر سازش ناکام بنا دی ہے، پی ٹی آئی کا لیڈر کہتا تھا انقلاب لائوں گا اس نے قوم کو صرف گالی گلوچ پر لگایا، جتنی غلیظ ترین گالیاں ہیں سب پی ٹی آئی کے لوگوں کو آتی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے لیپ ٹاپ، یونیورسٹیاں دی ہیں، امریکہ نے ان لوگوں کو معاف نہیں کیا تھا جنہوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا، امریکہ نے ہزاروں لوگوں کو گرفتار کر کے 18 ، 18 سال سزائیں دی ہیں، جس ملک کے ادارے محفوظ نہیں رہتے اس ملک میں انارکی پیدا ہو جاتی ہے۔مسلم لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے غلطی کی جب 2014 میں اس نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا تب ہی عمران خان کو سزا دے کر جیل میں بند کرنا چاہئے تھا، اس نے اس نرمی کا فائدہ اٹھایا اور پاکستان کی فوج پر حملہ کر دیا، ایسے لوگوں کو ایسی سزا ملنی چاہئے کہ کوئی دوبارہ جرات نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی جنگ ہے، اس کا آغاز 21 اکتوبر کو مینار پاکستان سے ہو گا جہاں سے قائداعظم نے پاکستان بنانے کی تحریک شروع کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close