اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں حاضری کے لئے پروڈکشن آرڈر جبکہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے گئے ۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آ ئی عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی کو 24 اکتوبر کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے لئے آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ بھی لکھ دیا ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں پچاس ہزار روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی۔الیکشن کمیشن نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے آئی جی اسلام آباد کو بھی خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد فواد چوہدری کو 24 اکتوبر کو الیکشن کمیشن میں پیش کریں کیونکہ ہدایات کے باوجود فواد چوہدری کیس میں ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہو رہے۔واضح رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں 24 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی ائی اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم بھی جاری کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں