اسلام آباد ( پی این آئی ) حکومت نے عازمین حج کے لئے اسپانسر شپ اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا، سرکاری حج اسکیم کے تحت فی کس 11 لاکھ روپے وصول کئے جائیں گے، ایک ہی خاندان ہونے کی صورت میں عازمین حج کو الگ رہائش دی جا ئے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے حج آپریشن کے لیے وزارت خزانہ سے رابطہ کرلیا گیا، 2024ء کے حج کے لئے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، 50 فیصد کوٹہ سرکاری اور 50 فیصد نجی حج اسکیم کے لیے مختص ہوگا، حج پالیسی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی، کابینہ سے نئی حج پالیسی کی منظوری جلد لی جائے گی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈالر کا بوجھ کم کرنے کیلئے آئندہ برس بھی اسپانسر شپ اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 10 ہزارعازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ لازمی ہوگا اور حج اخراجات کی رقم ڈالرز میں وصول کی جائے گی، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور ان کے رشتہ دار اسکیم کے تحت حج کرسکیں گے، اسپانسر شپ اسکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حجاج کرام کیلئے مختصر دورانیہ کے حج کی نئی اسکیم متعارف کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کے تحت سال 2024ء سے 18 سے 20 دن کے حج کا پیکج بھی دیا جائے گا، جس کے تحت حجاج کرام کو 18 سے 20 دن کے حج کا پیکج دیا جائے گا۔
نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ 2024ء کا حج پاکستانیوں کے لیے بڑی تبدیلیاں لے کر آئے گا، آئندہ سال پاکستان سے حج پر روانہ ہونے والی خواتین کے لیے 2 خصوصی اسکارف متعارف کروائے جائیں گے، ان اسکارف پر قومی پرچم بنایا جائے گا تاکہ حج کے دوران خواتین کی بطور پاکستانی شناخت ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں دو پاکستان ہاؤس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان ہاؤس مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بنائے جائیں گے، حرم کی توسیع کے سبب سعودی عرب میں موجود دو پاکستان ہاؤس منہدم کردیئے گئے تھے، دو پاکستان ہاؤسز کے حوالے سے سعودی حکومت کے ذمہ پاکستان کے 7 اعشاریہ 1 ملین ریال واجب الادا ہیں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 2 پاکستان ہاؤس بنانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، سعودی حکام سے اراضی مل جائے تو پاکستان ہاؤسز تعمیر کرلیں گے، امکان ہے مکہ اور مدینہ میں دو عمارتیں مل جائیں گی، پاکستان ہاؤسز کی موجودگی سے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولیات میسر آسکیں گی۔
بتایا جارہا ہے کہ اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کے لیے مختصر دورانیہ کا حج بھی متعارف کروانے کا اعلان کیا،تاہم چئیرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ مختصر حج کا دوارنیہ 30 دن تک کیا جائے، اس حوالے سے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ 40 دن یا مختصر حج کا فیصلہ حجاج کرام خود کریں گے جب کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں