پیٹرول سستا ہوتے ہی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑی کمی ہوگئی

لاہور (پی این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈیزل والی گاڑیوں کا کرایہ 10 اور پیٹرول والی گاڑیوں کا 15 فیصد کم ہوگیا۔

دالوں، گھی، آٹے ، چکن کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں پر لاری اڈا پر بھی گئے اور وہاں مسافروں سے بسوں کے کرایوں میں کمی سے متعلق معلوم کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے،عوام کو مہنگائی میں تھوڑا سا ریلیف ضرور ملے گا، یہ ہم کسی پر احسان نہیں کررہے بلکہ عوام کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی قیمتوں میں 20 سے 30 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے، فلوملز ایسوسی ایشن نے بھی آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے، آٹا سستا ہونے سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا، آٹے کی قیمت 15 روپے فی تھیلا کم کرنے کا اعلان کیا ہے، پنجاب کی گندم کو ریلیز کریں گے، جس سے عام آدمی کو سبسڈی دیں گے، اگر 3500 سے 4000 ہزار کے درمیان کرتے ہیں تو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بڑی کمی ہوجائے گی، آٹے کی قیمتوں میں آئندہ 3سے 4روز میں فیصلہ کرلیا جائے گا۔

گھی کی قیمت میں 15روپے فی کلو کمی آئی ہے، صرافہ ایسوسی ایشن نے بھی ملاقات ہوئی۔ پولٹری میں بھی 12 سے 15 فیصد یعنی 110روپے فی کلو چکن گوشت کی قیمت کم کردی گئی ہے، 1000 روپے مرغی کی خوراک کے بیگ میں کمی آگئی تو مرغی کا گوشت 250 روپے فی کلو پر آجائے گا ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچائیں گے۔ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کاروائی جاری رکھی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں