نواز شریف گرفتاری سے بچنے کیلئے کیا کریں گے؟ حکمت عملی اپنا لی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ نے پارٹی قائد نواز شریف کو گرفتاری سے بچانے کی حکمت عملی بنالی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ان کی جماعت ن لیگ کی قانونی ٹیم نے حکمت عملی تیار کرلی ہے جس کا مقصد سابق وزیر اعظم کی وطن واپسی پر ان کی گرفتاری روکنا ہے، اس حوالے سے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی طرف سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔ اس حکمت عملی کے بارے میں ذرائع بتاتے ہیں کہ نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے درخواستیں آئندہ 48 گھنٹے میں دائر کئے جانے کا امکان ہے، دونوں ریفرنسز میں نواز شریف کی درخواستوں کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، آج رات یا کل صبح تک مختلف قانونی نکات پر غور کے بعد درخواستوں کا مسودہ فائنل کیا جائے گا۔ بتایا جارہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں، احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال قید اور 80لاکھ پاؤنڈ کی سزا سنائی تھی، العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے قائد مسلم لیگ ن کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، سابق وزیر اعظم کو 10 سال کیلئے عوامی عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔

پارٹی قائد کی واپسی کے بارے میں پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر سے پاکستان میں سیاست کا رنگ اور ماحول بدل جائے گا، 21 اکتوبر سے مایوسیوں کے خاتمے اور امید و یقین کے نئے دور کا آغاز ہو گا، ترقی کا دور واپس آ رہا ہے، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر نوازشریف کی قیادت میں ایک نئی تاریخ لکھیں گے، کارکنوں اور عوام میں جوش و خروش ہر روز بڑھ رہا ہے کیوں کہ ان کا قائد نواز شریف پاک سرزمین کو دوبارہ امید اور یقین دینے آ رہا ہے ، 2018ء سے 2022ء کا تجربہ نہ ہوتا تو قوم مایوس اور معیشت تباہ نہ ہوتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close