نواز شریف کی نااہلی ختم ہو چکی ہے، ن لیگی سینئر لیڈر کا دعویٰ

اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی ختم ہو چکی ہے،پارٹی قائد کے خلاف تمام کیسزجھوٹ پر مبنی تھے ،ہم ملک کے معاشی بحران پر قابو پالیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2 سے 3 سال میں پاکستانی معیشت کو بہتر کرسکتے ہیں، 2013 میں موجودہ سے بھی بدتر حالات تھے۔

ہم نے آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرلیا تھا، نوازشریف نے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی ختم ہو چکی ہے، قانون میں نااہلی کی مدت 5 سال ہے، پارٹی قائد اپنے کیسز کا سامنا کریں گے، نوازشریف کیخلاف تمام کیسز جھوٹ پر مبنی تھے۔ان کا کہنا تھا کہ کیسز کا مقصد نوازشریف کو سیاست سے نکالنا تھا، یقین ہے کہ نواز شریف کو انصاف ملے گا، قائد ن لیگ نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا۔لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلا۔ انہوں نے سائفر کے معاملے پر کہا کہ ہم کھیلیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کے سفارتی تعلقات سے کھیلا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی قانون کے سامنیاپنی بے گناہی ثابت کریں، ان کو استدعا کرنے کی بجائے شواہد دینا چاہئیں، وہ قانونی عمل کو لمبا کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک دن تو جواب دینا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں