پی آئی اے نے ملازمین میں بونس تقسیم کرنے کی خبروں پر وضاحت جاری کردی

کراچی ( پی این آئی ) قومی ایئرلائن نے ملازمین میں بونس تقسیم کرنے کی خبروں پر وضاحت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان نے میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے جعلی خطوط اور ای میل پیغامات کی سختی سے تردید کردی، جن میں کہا گیا تھا کہ پی آئی اے اپنے ملازمین میں تنخواہوں کے بونس تقسیم کر رہی ہے۔ان کے بارے میں ترجمان قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ یہ معلومات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، اس طرح کی خبریں پھیلانا پی آئی اے کے ملازمین اور عام عوام دونوں کو گمراہ کرنے ایک مذموم کوشش ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ پی آئی اے ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اس کو درپیش موجودہ مالیاتی چیلنجز کے پیش نظر ایسی بے بنیاد معلومات پھیلانا اس قومی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے، ادارہ حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر قومی فضائی کمپنی کو ایک قابل عمل اور منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے اس کی تنظیم نو کے مرحلے میں سرگرم عمل ہے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کو اس وقت بدترین بحران کا سامنا ہے، فنڈز نہ ملنے کے باعث پی آئی اے فلائٹ آپریشن بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، ادارے کو فوری طور 7 ارب روپے کی ضرورت ہے، بینکوں کی طرف سے حکومتی گارنٹی کے باجود رقم جاری نہیں کی گئی، پی آئی اے کے جی ایم فنڈز مینجمنٹ کی جانب سے وزارت ہوابازی کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ فوری فنڈز کی ادائیگی نہ ہوئی تو آپریشن بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ایاٹا سروسز بھی کسی بھی وقت عدم ادائیگی سے بند ہونے کا امکان ہے، دبئی ایئرپورٹ پر بھی گزشتہ دنوں فیول فراہمی بند کی گئی تھی، پی آئی اے کے جی ایم فنڈز مینجمنٹ نے ایوی ایشن ڈویژن کو بھی خط لکھ کرمدد کی اپیل کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close