پاکستان تحریک انصاف کا بڑے سیاسی پاور شو کا فیصلہ

کراچی(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے12 نومبر کو کراچی میں بڑے سیاسی پاور شو کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کابینہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں بارہ نومبر کو جلسے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کراچی کے اہم ذمہ داران، عہدیداران نے شرکت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کابینہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کا عوامی پاور شو نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائیگا۔

کراچی کابینہ کی مشاورت سے جلسے کی تاریخ 12 نومبر اور مقام گلستان جوہر ملینیم مال طے کیا گیا۔اجلاس میں کابینہ اراکین نے جلسے کی اجازت کیلئے متعلقہ انتظامیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا اور کابینہ اراکین نے جلسے کی بھرپور کامیابی کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے، مخالف جماعتوں کا کراچی فتح کرنے کا خواب چکنا چور ہوگا،

تاریخی جلسہ پی ٹی آئی کے سیاسی مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے،کراچی کے عوام تیار ہوجائیں مخالفین کو بتائیں کہ آپ اپنے حقیقی لیڈر چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، جبری حالات میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی اکیلے نہیں، کراچی کے عوام نے ہر مشکل حالات میں بھی تحریک انصاف کی ہر کال پر لبیک کہا ہے۔اجلاس کی صدارت تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر ہمارا جلسہ نہ صرف پارٹی کے اندر اتحاد کا ایک شاندار مظاہرہ ہوگا بلکہ ہمارے لیے عوام سے جڑنے کا ایک موقع بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی شہر کے لیے تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کا پیغام دینے کے لیے پرعزم ہے۔ہم کراچی کے لوگوں کی جانب سے زبردست ردعمل کے منتظر ہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی نے باضابطہ طور پر کمشنر کراچی کو ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں ہمارے آنے والے پروگرام کی اجازت طلب کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم مثبت جواب ملنے کیلئے پرامید ہیں، کیونکہ اسی طرح دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی الیکشن مہم کی اجازت دی گئی ہے، جنہوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

انصاف اور مساوی سلوک کے جذبے میں، ہم سمجھتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں، اس جمہوری عمل میں برابری کا میدان یقینی بنانا چاہیے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ اس جلسے میں ہزاروں پی ٹی آئی کے حامیوں، پارٹی ممبران اور متجسس شہریوں کی شرکت متوقع ہے جو کراچی اور قوم کے لیے پی ٹی آئی کے وژن کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔ کراچی شہر کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس عظیم الشان جلسہ میں دعوت دیتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close