پشاور (پی این آئی) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کوئی ہمیں پارلیمنٹ سے باہر رکھے گا تو ہم انہیں پارلیمنٹ سے باہر آنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چوڑیاں نہیں پہنیں، سیاست میں سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے، ہم معقول سیاست کرتے اور سیکھاتے ہیں، زبردستی اور دھاندلی نہیں بلکہ آئین چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پاکستان ترقی میں 24 نمبر سے 47 نمبرپرآیا، ہم نے ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنا ہے۔ پشاور میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ مفتی محمود نے دینی و مذہبی سیاست کو شناخت دی، 40 سال پہلے مغرب اور مشرق کے مابین نظریاتی تصادم تھا، آج حالات مختلف ہیں، دنیا بدل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی اور سیاست مغرب کے دباؤ میں ہے، کہا گیا امریکا کا اصول ہے کہ جمہوریت ہونی چاہیے، پاکستان کا اپنا آئین و قانون غیر مؤثر ہے، ملک جس نظریہ پر بنا تھا اسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر ظلم کیا ہے، امریکا نے ایک سال میں افغانستان پر اتنی بمباری نہیں کی جتنی غزہ پر ایک دن میں ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سوویت یونین شکست کھا چکا، آج دنیا بدل گئی ہے، امریکا نے اسلام اور مذہب کے خلاف سوویت یونین والا رول ادا کیا، کہاں گیا مغرب، امریکا کا جمہوریت والا اصول؟ امت مسلمہ کواسرائیل کے خلاف ایک مؤقف اپنانا چاہئے، اگر امت مسلمہ نے بروقت فیصلہ نہ کیا تو ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، تمام مسلم ممالک کو ایک قوت بننا ہوگا۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا، ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا۔
ہمیں اللہ کے قانون کے سامنے جھکنا پڑے گا، ہم ایک سیکولر سٹیٹ کا روپ دھار چکے ہیں، ہمارے ملک کی شناخت تبدیل ہوچکی ہے، آج اس جلسے میں ملک کو اسلامی پاکستان بنانے کا عہد کرکے اٹھنا ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ آئین و قانون کے دائرے میں جدوجہد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی قیادت نے ہماری جماعت کو باہر رکھنے کا سوچا تھا، دھاندلی کی بنیاد پر ایک نام نہاد، یہودیوں کی ایجنٹ جماعت کو مسلط کیا گیا۔امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں، اگر کوئی سمجھتا ہے ہمیں ہیرا پھیری سے پارلیمنٹ سے باہر رکھیں گے تو ہم ان کا محاصرہ کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں