پنشنرز کیلئے بُری خبر آگئی

اوکاڑہ (پی این آئی) سوشل سیکورٹی کے پنشنرز اضافہ شدہ پنشن نہ ملنے پر بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور، سابقہ حکومت نے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں ساڑھے سترہ فیصد اضافہ کیا تھا جس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوسکا جبکہ حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں میں فوری اضافہ کر دیا گیا تھا۔

 

 

پنشنرز حضرات کے ساتھ یہ امتیازی سلوک قطعاً برداشت نہیں۔پنشنر کی دہائی۔تفصیلات کے مطابق سوشل سیکورٹی ملازمین کے حاضر سروس ملازمین اور ریٹائرڈ افراد کی پنشن میں سابق حکومت نے اضافہ کر دیا تھا جس سے ریٹائرڈ ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کہ مہنگائی کے اس ہوش ربا دور میں ان کا باعزت گزارہ ممکن ہوسکے گا مگر ان کی یہ تمام خوش فہمی اس وقت دم توڑ گئی جب حکومت نے حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں میں تو فوری اضافہ کر دیا مگر پنشن یافتہ ملازمین ساڑھے سترہ فیصد اضافہ سے تاحال محروم چلے آ رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔جس کی وجہ سے مہنگائی کے اس دور میں انکی گزراوقات انتہائی مشکل ہوگئی ہے اور وہ بدحالی کا شکار ہوکر اپنے حقوق کی خاطر سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

 

 

 

پنشن یافتہ انتہائی ضعیف و بزرگ ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اعلان شدہ پنشن میں ساڑھے سترہ فیصد اضافہ نہ کیا تو وہ بھرپور احتجاج بھی کرینگے اور تا مرگ دم بھوک ہڑتال بھی کرینگے جس کی ساری ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close