نواز شریف کے واپسی کے پلان میں پھر تبدیلی ہوگئی

لاہور (پی این آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے پروگرام میں معمولی تبدیلی کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم اب 21 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے جب کہ اس سے پہلے ان کی پاکستان آمد کا وقت شام 6 بجے بتایا گیا تھا لیکن شیڈول میں معمولی ردو بدل کے بعد اب نوازشریف کی وطن واپسی کا طیارہ ’امید پاکستان‘ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے متحدہ عرب امارات سے روانہ ہوگا اور دوپہر 12 بجے لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔بتایا گیا ہے کہ اس خصوصی طیارے میں 152 افراد سوار ہوں گے، خصوصی طیارے میں نواز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے کارکنان اور صحافی لاہور پہنچیں گے اور پارٹی قائد کے استقبال کے لیے پارٹی رہنما لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے، نواز شریف لاہور پہنچنے کے بعد پارٹی کے جلسے میں شرکت کریں گے جس کے لیے ن لیگ نے گریٹر اقبال پارک کے مقام کا انتخاب کیا ہے، جس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن نے 21 کتوبر کو گریٹر اقبال پارک میں جلسے کے لیے انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جلسے کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست جمع کروادی ہے، جس میں 15 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک انتظامات اور جلسے کی اجازت مانگی گئی ہے، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کے لیے باقاعدہ درخواست ڈپٹی کمشنر آفس کو دی گئی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اس وقت جدہ میں موجود ہیں، انہوں نے گزشتہ روز عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی ہے، نواز شریف جدہ میں شاہی خاندان کے اہم اراکین سے بھی ملاقاتیں کریں گے، قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد وطن واپس آنے کیلئے لندن سے سعودی عرب پہنچے، سابق وزیراعظم نے اپنے رفقا کے ہمراہ سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 116 سے جدہ کا سفر کیا، ان کی یہ پرواز لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے روانہ ہوئی، سعودی ائیر لائن کی پرواز 4750 کلومیٹر سے زائد کا سفر 5 گھنٹے 27 منٹ میں طے کرکے مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے جدہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں