نواز شریف کی واپسی ، تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

لاہور ( پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں ، (ن) لیگ کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کی ہدایت پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر انوشہ رحمان، سابق وزیر شزہ فاطمہ خواجہ، سابق ایم پی اے راحیلہ خادم حسین، احمد سعید محسن، بابا فیلبوس،

سابق ایم این اے رومینہ خورشید سمیت دیگر کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان جلسے میں کتنی گاڑیوں پر کتنے آدمی پہنچیں گے، پارٹی نے تکنیکی بنیادوں پر ڈیٹا اکھٹا کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم کو عہدیداروں، سابق اراکین اسمبلی سے تفصیلات موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔ پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ پارٹی رہنمائوں کو گاڑی نمبر، کارکنوں کی تعداد اور مینار پاکستان پہنچنے کا وقت سب بتانا ہو گا،

جلسہ کے شرکا کا ڈیٹا اکھٹا کرکے کر رپورٹ مریم نواز کو پیش کی جائے گی۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 21اکتوبر کے جلسہ کے علاوہ یہی طریقہ کار آئندہ انتخابات کے لیے بھی جاری رکھا جائے گا۔پارٹی ذرائع میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہدف کے مطابق کارکن نہ لانے والے عہدیداروں کو آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں