سائفر کیس میں عمران خان کا بچنا مشکل ہوگیا

لاہور(پی این آئی) سینئر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کسی بھی طرح سائفر کیس میں بچتے نظر نہیں آرہے۔

سائفر کیس میں عمران خان کے لیے مشکلات سے متعلق سوال کے جواب میں سینئر تجزیہ نگاروں نے کہا کہ عمران خان سائفر کیس میں نہیں بچیں گے۔سائفر کیس میں جو الزامات لگائے گئے ہیں ان میں تین سے چودہ سال تک کی سزا ہو سکتی ہے۔سینئر صحافی اعزاز سید نے کہا کہ سائفر کیس میں ایف آئی اے کے چالان نے عمران خان کو باندھ کر رکھ دیا ہے۔ایف آئی اے نے عمران خا پر قانون کے برخلاف سائفر اپنے پاس رکھنے کا الزام ثابت کیا ہے۔خیال رہے کہ خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین پر 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔پیر کے روز اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ۔سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارنقوی، وکیل صفائی سلمان صفدر، ایف آئی اے کی ٹیم اور تفتیشی افسر چالان کی نقول کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران سائفرکیس میں چالان کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین پر فردجرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے زیر سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفرکیس میں درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ روسٹرم پر زیادہ وکلاء جمع نہ ہوں، صرف دو وکلاء موجود رہیں، اس درخواست پر اوپن کورٹ میں سماعت کا آرڈر دیا ہے،اگر کوئی ایسی چیز آتی ہے جو حساس ہو تو پھر دونوں وکلاء کی مشاورت سے ان کیمرہ دلائل سنیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں