نواز شریف وزیراعظم بنے تو سی پیک دو سال میں مکمل ہو جائے گا، بڑا دعویٰ کر دیا گیا

پاکپتن(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو سی پیک دو سال کی مدت میں مکمل ہوجائے گا، ہمارا بیانیہ ریاست کیلئے ہے، ہم مسلح جتھے تیار کرنے والے نہیں۔پاکپتن کے مانیکا ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف عوام کی آخری امید ہیں ان کے بغیر لوگوں کے دل ٹوٹ جائیں گے، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان میں اس قدر جم غفیر ہوگا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے انہیں پاکستان مسائلستان بنا ہوا ملا، ن لیگ آج کے حالات میں عارضی طور ریلیف دینے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کو طویل مدتی ریلیف کیلئے بھی کام کرے گی، ملک میں مہنگائی سے پریشان عوام جانتے ہیں اس کا موجب کون ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم پارلیمان کی بالادستی، کورٹس کے تقدس کیلئے جدوجہد کریں گے، عوام ووٹ کسی کو دیتے تھے، نکلتا کسی اور کا تھا، ووٹ جس جماعت کو دیتے تھے وہ آزادانہ طور پر اس پر عمل نہیں کرسکتی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا بیانیہ ریاست کیلئے ہے، ہم مسلح جتھے تیار کرنے والے نہیں، ریاست کے اداروں کو آئین و قانون کے حدود میں ہی کام کرنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close