لاہور( آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہے ،جب سب فیل ہو جاتے ہیں تو نواز شریف آتا ہے، چھ سال بعد نوازشریف قوم کوپورا سچ بتائے گا تو سارے پراپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے، نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپیگنڈے اوربے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مریم نواز شریف سے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں نے ملاقات کی جس میں 21 اکتوبر کو پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔مریم نواز نے یونین کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت میں ان سے تجاویز بھی لیں۔مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالی کے کرم سے نواز شریف پھر سب ٹھیک کرے گا،جب کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے نواز شریف کو میدان سے ہی نکال دیا، اللہ تعالی نوازشریف کو پھر واپس لے آیا ، نوازشریف کو نکالنے والے نظام سے ہی نکل گئے، یہ ہے اللہ کا نظام، چھ سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے، نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپیگنڈے ، بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایاگیا، نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی اور مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف 2017 میں گیا تو ملک کیا تھا اور چھ سال بعد آج ملک کیا سے کیا ہوگیا، جس نے کرکے دکھایا ، وہ قائد اور معمار پاکستان واپس آرہا ہے، نوازشریف گیا تو ترقی ، امن اور عوامی خوشحالی بھی چلی گئی، نواز شریف جب آیا، امن، ترقی اور خوش حالی کی بہار آئی، اللہ تعالی پاکستان کے حالات ٹھیک کرے گا ، اسی لئے نوازشریف آرہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف کو ہر بار حالات نے آزمایا اور نوازشریف ہر بار سرخرو ہوا، نوازشریف کی ٹیم میں ایک سے ایک قابل ، دیانتدار اور عوام کا خادم شامل ہے، نوازشریف کے دور میں مہنگائی 47 سال کی کم ترین سطح پر تھی،65 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار ملا۔ مریم نواز شریف نے ٹھوکر نیاز بیگ میں گزشتہ روز ہونے والے بھرپور جلسے پر منتظمین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے کارکنوں، عہدیداروں اور عوام کا جذبہ نواز شریف سے محبت کا والہانہ اظہار تھا، نوازشریف کے دور میں پاکستانی عوام مطمئن عوام تھی، آج رو رہی ہے۔ شرکاء نے کہا کہ آپ نے نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں، ایم ایس ایف سمیت تمام شعبوں کو نئی زندگی، تحریک اور اعتماد دیا ہے،21 اکتوبر کو قائد نوازشریف کا تاریخی استقبال کریں گے، کارکنوں نے چاروں صوبوں کی آواز مریم نواز ، قوم کی ترقی قوم کی امید نوازشریف نوازشریف کے پرجوش نعرے بھی لگائے۔مریم نواز شریف آئندہ 10 روز تک یونین کونسلز کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں جاری رکھیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں