شہباز شریف نے مہنگائی سے نجات، ترقی کی مشروط ضمانت دینے کا اعلان کر دیا

لاہور (آئی این پی) سابق وزیراعظم وپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، نواز شریف کا ایجنڈا قوم کا اتحاد اور معاشی بحالی ہے، معاشی بحالی اور مہنگائی سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ ماضی کی غلطیاں نہ دوہرائی جائیں، قوم کا اتحاد، سیاسی تسلسل اور درست پالیسیوں سے ہی معاشی خود انحصاری اور ترقی یقینی بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کرنے والے لاہور اور پنجاب ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال اور معیشت کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے، مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی، نواز شریف کا ایجنڈا قوم کا اتحاد اور معاشی بحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی اور مہنگائی سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ ماضی کی غلطیاں نہ دوہرائی جائیں، قوم کا اتحاد، سیاسی تسلسل اور درست پالیسیوں سے ہی معاشی خود انحصاری اور ترقی یقینی بنا سکتے ہیں، قوم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ذمہ داری دے، مہنگائی سے نجات اور ترقی کی ضمانت دیتا ہوں۔تاجروں نے درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔تاجروں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے پر بطور وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔تاجروں نے شہباز شریف کی میثاق معیشت کی تجویز کی بھرپور تائید و حمایت کی ۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ تاجر برادری دل و جان سے میاں نواز شریف کا استقبال کرے گی، تاجروں کے ساتھ میان نواز شریف کا دل کا رشتہ ہے، میاں نواز شریف نے تاجر وں کے لئے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، تاجر کبھی بھی آپ کا اور میاں نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑ سکتی۔ تاجر رہنمائوں نے مزید کہا کہ 2018سے 2022کے چار سال بڑے صبر ازما تھے، معاشی ظلم کا شکار ہوئے، پاکستان کے مسائل کا حل اب صرف نواز شریف کے پاس ہے، پاکستان کی معیشت کو اب صرف نواز شریف ہی ٹھیک کر سکتے ہیں، شہباز شریف کے کام اور انتھک محنت سے بہت متاثر ہیں، شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچا کر قوم اور آنے والی نسلوں پہ احسان کیا ہے، جس مشکل ترین معاشی صورتحال میں آپ نے حکومت سنبھال کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے آپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، یہ آپ کی عوام اور ملک سے محبت کا ثبوت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں