عثمان ڈار کی والدہ کے چیلنج پر خواجہ آصف کا ردِعمل بھی آگیا

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عثمان ڈار کی والدہ میرے خلاف الیکشن لڑنا چاہتی ہیں تو 100بسم اللہ،عثمان ڈار کی فیملی طے کر لے کہ میں نے انہیں گن پوائنٹ پر اغواء کرایا، یا کوئی اور وجہ ہے؟

انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار کے گھر والوں کی باتوں میں تضاد ہے، یہ لوگ طے کر لیں کہ عثمان ڈار کو میں نے گن پوائنٹ پر اغواء کرایا ہے یا کوئی اور وجہ ہے؟عثمان ڈار کی فیملی پہلے طے کر لے کہ کیا بات کرنی ہے۔ عثمان ڈار نے جو باتیں کیں ان کے باقی ساتھیوں نے بھی وہی باتیں کیں، عثمان دار نے جو کہا وہی باتیں پی ٹی آئی کے لوگ پہلے بھی کرچکے ہیں، کوئی پلاننگ تھی تو تب ہی پورے ملک میں ایک ہی دن حساس تنصیبات پر حملہ کیا گیا، بغاوت کی شہادت 9مئی کے واقعات دے رہے ہیں یہ تو صرف اقرار ہے، عثمان ڈار نے بتایا کہ اسٹیبلشمنٹ کے اندر بھی کچھ لوگ ساتھ تھے، ساری شہادتیں نشاندہی کررہی کہ 9مئی کے واقعات منصوبہ بندی کے تحت ہوئے، فوج پر جب حملہ ہوگا تو وہ پوری قوم پر حملہ تصور ہوگا، قوم ایسی صورت میں فوج کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار کی والدہ میرے لئے محترم اور بڑی بہن کی طرح ہیں، عثمان ڈار کی والدہ میرے خلاف الیکشن لڑنا چاہتی ہیں تو 100بسم اللہ۔ انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ہمارے16ماہ میں صورتحال کہیں کہیں زیادہ خراب ہوئی، لیکن جو چیز پہاڑ سے نیچے گرائی گئی تھی ہم نے اس کو روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے الیکشن لڑنا ہے اس حوالے سے وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں، بلاول بھٹو جماعت کے لیڈر ہیں 15سال ان کی سندھ میں حکومت رہی ، ہوسکتا ان کی لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کی شکایت درست ہو۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں جو میٹنگ ہوئی اس میں موجود تھا، جو باتیں ہورہی 100فیصد درست نہیں، ہم احتساب کے بیانیئے کو مہنگائی پر ترجیح نہیں دے سکتے، کیونکہ لوگوں کو مہنگائی میں ریلیف چاہئے، جب لوگ ووٹ دیں گے تو ووٹ کو عزت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت آئے گی وہ اپنے 75سالہ ادوار کی غلطیوں کر سامنے رکھ کر احتساب کے معاملے کو دیکھے گی۔

واضح رہے عثمان ڈار کی والدہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ خواجہ آصف تم نے عثمان ڈار کو گن پوائنٹ پر رکھ کر اپنے مقاصد پورے کیے ہیں، سیاست عثمان ڈار نے چھوڑی ہے اس کی والدہ نے نہیں۔ انہوں نے سینئر لیگی رہنما خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب سیاست میں تمہارا مقابلہ میں کروں گی، میرا چیلنج ہے کہ تم میدان میں آؤ۔ عثمان ڈار کی والدہ نے کہا کہ دیکھوں میں سیاسی میدان میں تمہارے شیر کا کیا حشر کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرا پہلے بھی ویڈیو پیغام تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوں اور ڈٹی رہوں گی، سیاست میں نے نہیں چھوڑی، اب میدان میں آؤ اور دیکھو کیا ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ عثمان ڈار کی والدہ کا یہ ویڈیو پیغام اس وقت سامنے آیا جب ان کے بیٹے نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close