موسم سرما میں صرف کتنے گھنٹے گیس دستیاب ہوگی؟ اعلان کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) سردیوں میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کی 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ سردیوں میں 24گھنٹے گھروں میں گیس نہیں دے سکتے،اس بار صرف 6گھنٹے گیس ملے گی۔ نگراں وزیر توانائی نے اپنے بیان میں کہاکہ سردیوں میں گیس کی سپلائی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں، سردیوں کیلیے ایل این جی کے 2 کارگو کے سودے ہو گئے ہیں۔ محمد علی نے بتایا کہ اس سال سردیوں میں پہلے ہی 18فیصد گیس کم ہے اس لیے اس مرتبہ سردیوں کے سیزن میں صرف 8 گھنٹے گیس ملے گی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی ہدایت پر نگران حکومت نے گیس کے نرخ بڑھانے کی تیاریاں شروع کر دیں،آئندہ ای سی سی اجلاس میں گیس ٹیرف میں اضافے کی سمری پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نگران حکومت نے گیس ٹیرف میں اضافے سے قبل صنعتی اور تجارتی شعبوں کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا۔ اکتوبر میں درآمدی اور مقامی گیس کی ایک ہی قیمت مقرر کئے جانے کا امکان ہے،جبکہ گھریلو،کھاد اور کیپٹو پاور پلانٹس کے گیس ٹیرف میں سبسڈی بھی ختم کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گیس کا گردشی قرض 2 ہزار 900 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جس کی وجہ سے آئی ایم ایف نے گیس کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گیس کمپنیوں کے نقصانات سے سالانہ 350 ارب روپے گردشی قرض میں شامل ہو رہے ہیں۔ سوئی سدرن کے سالانہ گیس نقصانات کی شرح 15 فیصد جبکہ سوئی ناردرن کے نقصانات کی شرح 8.2 فیصد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں