پشاور(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کوئی کتنے ہی دعوے کر لے بلاول کو وزیراعظم بنا کر رہیں گے۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی چاروں صوبوں سے کلین سوئپ کرے گی، عوام کے پاس تمام مسائل سے نکلنے کیلئے پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی چوائس نہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ہمیں مثبت سوچ رکھنی چاہیے، سب کو اندازہ ہے پاکستان میں کس قسم کی سیاست ہوتی رہی ہے، ماضی میں پیپلز پارٹی کے ادوار میں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری آئی، پیپلز پارٹی نے پر امن طریقے سے جدوجہد کی ہے۔پی پی رہنما نے کہا کہ جلد از جلد الیکشن ہوں، جسے عوام چنے وہ پارٹی ملک کو سنبھالے، معیشت تب ٹھیک ہوگی جب آصف زرداری کے وژن پر کام کریں گے، آصف علی زرداری نے سی پیک کی بنیاد ڈالی، سابق صدر آصف زرداری نے اپنے اختیارات کم کرکے پارلیمنٹ کو با اختیار بنایا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری اداروں میں پیپلز پارٹی کے دور میں مزدوروں کو شیئر ہولڈر بنایا گیا، پاکستان کی موجودہ صورتحال کی بہتری میں پیپلز پارٹی کردار ادا کر سکتی ہے، پی ٹی آئی حکومت جب گئی پاکستان کو دو چیلنجز درپیش تھے، پاکستان کو معیشت اور خارجہ سطح پر آئسولیشن جیسے چیلنجز تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنا کردار کیا، بلاول بھٹو نے پاکستان کے دیگر ملکوں سے تعلقات بحال کیے، آصف علی زرداری واحد لیڈر ہیں جو سیاست دانوں کو ایک میز پر بٹھا سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں