جناح ہاؤس حملہ کیس، پولیس نے کس کس کی گرفتاری مانگ لی؟ اہم خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) جناح ہاؤس حملہ کیس،پولیس نے اسد عمر،علیمہ خان اور عظمٰی خان کی گرفتاری مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے اسد عمر،علیمہ خان اور عظمٰی خان کی گرفتاری مانگ لی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گئے۔ جے آئی ٹی نے تینوں کو گنہگار لکھا ہے،پولیس کو تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے۔علیمہ خان کی موقع پر موجودگی پائی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر تک ملتوی کر دی۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ پر درج مقدمات سے متعلق عمران خان کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آئیں اور کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے روز پیشی پر آتی ہیں۔ اگر جیل بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں۔ وکیل برہان معظم نے علیمہ خان کو مزید بات کرنے سے روک دیا،جس پر علیمہ خان نے کہا کہ ہم کیا مانگ رہے ہیں،انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگر مقدمات کے چالان عدالت میں داخل کروائے گئے تھے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس سمیت 11 مقدمات کا چالان جمع کروایا گیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عمران خان، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسیمین راشد، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر کیخلاف مقدمات کا چالان جمع کروایا گیا۔

چالان میں عمران خان سمیت دیگر کو جناح ہاوس، عسکری ٹاور اور شیرپاؤ برج سمیت 11 مقدمات میں قصور قرار دیا گیا۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے طیبہ راجہ سمیت جناح ہاؤس کیس کے 11 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کی تھی،عدالت نے ڈاکٹر سرمد اور محمد اقبال کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں