لاہور میں جعلی ویزوں پریونان جانیوالے 3 مسافر ایجنٹ سمیت گرفتار

لاہور ( پی این آئی) ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزوں پر یونان جانے والے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ائرپورٹ پرچیکنگ کے بعد ملزمان کی جانب سے دکھایا جانے والا یونان کا ویزا جعلی نکلا۔ ملزمان کے پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔ ملزمان فلائٹ نمبر ای وائے 242 سے یونان جا رہے تھے۔

ملزمان محمد زبیر، وحید اختر، اور اسد دانیال نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اورجعلی اسٹیمپس لگوائیں۔ملزمان کی نشاندہی پرایجنٹ کو ائرپورٹ کی حدود سے گرفتار کرلیا گیا۔ محمد دلدارنامی ایجنٹ کا تعلق سیالکوٹ سے ہے جس کے موبائل سے متعدد پیغامات اورجعلی سفری دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہورمنتقل کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں