چیف جسٹس سے 90روز میں الیکشن کروانے کیلئے مداخلت کرنے کا مطالبہ

لاہور (پی این آئی) کورکمیٹی پی ٹی آئی  نے کہا ہے کہ چیف جسٹس حالات کی نزاکت کے پیشِ نظر90 روز میں الیکشن کرانے کیلئے مداخلت کریں، نگران حکومت، الیکشن کمیشن، پی ڈی ایم اتحاد عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

 

 

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ، ملکی سیاسی صورتحال چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف مقدمات پر عدالتی کارروائیوں اور تنظیمی حکمت عملی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیف جسٹس آف پاکستان سے دستور کی حرمت و توقیر بچانے کیلئے خصوصی اقدامات کی استدعا کی گئی۔ قومی اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل کی صورت میں نوّے روز میں انتخابات کا انعقاد آئین کا لازم اور ناقابلِ تنسیخ حکم ہے، پورا ریاستی ڈھانچہ دستور کی حرمت برقرار رکھنے اور اس کی منشاء پر عمل کا پابند ہے، نگران حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس دستور کے حکم کے مطابق انتخابات کے انعقاد کیلئے محض 36 روز کی مہلت باقی ہے، نگران حکومت، الیکشن کمیشن اور پی ڈی ایم اتحاد میں شامل بعض جماعتیں آئین کی حرمت پامال کرنے اور عوام کو ووٹ کے حق سے غیرمعیّنہ مدت تک کیلئے غصب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

 

 

 

دستور کی رو سے عدالتِ عظمیٰ آئین کی حرمت و توقیر برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہے، چیف جسٹس آف پاکستان حالات کی نزاکت کے پیشِ نظر مداخلت کریں اور ریاستی و حکومتی حلقوں کو دستور کا پابند بناتے ہوئے 90 روز کی مدت میں عام انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کا پابند بنائیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین کی 9 مقدمات میں ٹرائل کورٹ سے ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ پیر کو عدالتِ عالیہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر مسترد درخواستیں بحال کر دیں۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت اور 3 سیشن کورٹس نے 6 درخواستیں مسترد کی تھیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ تمام درخواستیں متعلقہ ٹرائل کورٹس میں بحال تصور ہوں گی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی سیشن عدالت میں ضمانت کی 6 درخواستیں جبکہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بھی 3 ضمانت کی درخواستیں بحال ہو گئیں۔

 

 

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات، جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کیس، توشہ خانہ رسید جعل سازی مقدمہ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد ہوئی تھیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی اقدامِ قتل کے مقدمے میں ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد ہوئی تھیں۔ٹرائل کورٹس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں