اسلام آباد (پی این آئی) سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف واضح طور پر کہہ چکے ہیں اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کا کورٹ مارشل ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نگران وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ سے اسمگلنگ کیخلاف بھر پور کارروائیاں کی گئیں،چینی کی سمگلنگ کی جا رہی تھی جیسے ڈیجیٹل طریقے سے روکا گیا۔اب تک کی کارروائیوں میں 8 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی کیخلاف کچھ اقدامات سے ڈالر کی قیمتیں کنٹرول ہوئی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ڈالر کی اصل قیمت تک جائیں،ڈالر کی غیر قانونی ترسیل پر مقدمات درج کئے گئے۔ چینی اور گندم کی اسمگلنگ کو بھی مؤثر طریقے سے روکا گیا،ہم نے اب تک 22 میٹرک ٹن گندم کی اسمگلنگ روکی ہے۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حوالہ ہنڈی کا کام کرنے والوں کیخلاف 168 مقدمات درج کئے گئے،سی کیٹگری کی ایکسچینج کمپنیز کو بند کر دیا گیا۔ اینٹی نار کوٹکس کے حوالے سے مہم کا آغاز کیا گیا،کریک ڈاؤن میں 43 میٹرک ٹن منشیات برآمد کی گئی۔ نگران وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ اسمگلنگ میں سرکاری افسران اور سیاستدانوں کے نام بھی شامل ہیں۔
آرمی چیف نے واضح طور پر کہا کہ فوج کے جو لوگ اسمگلنگ میں ملوث ہیں ان کا کورٹ مارشل ہو گا،نہ صرف کورٹ مارشل ہو گا بلکہ جیل میں بھی بھیجا جائے گا۔فوج اپنے احتساب کے نظام کو 9 مئی واقعات کیخلاف ایکشن میں ثابت کر چکی ہے۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پیٹرول میں ملاوٹ اور مقدار میں کمی پر پیٹرول پمپ کیخلاف کارروائی ہو گی،غیر معیاری پیٹرول بیچنے والوں کیخلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ سرفراز بگٹی نے الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں