جناح ہائوس حملہ کیس، پی ٹی آئی کے کن کن رہنمائوں کو اشتہاری قرار دیدیا گیا؟ عدالت سے بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ فرخ حبیب،حماد اظہر،میاں اسلم اقبال اور مراد سعید کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ اس کے علاوہ علی امین گنڈا پور،اعظم سواتی اور عندلیب عباس سمیت دیگر ملزمان بھی اشتہاری قرار دے دئیے گئے۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے ملزمان کو اشتہاری قرار دیا۔ جبکہ اس سے پہلے عدالت نے ملزمان کیخلاف نا قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے،ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس سمیت 11 مقدمات کا چالان جمع کروایا گیا تھا۔انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عمران خان، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسیمین راشد، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر کیخلاف مقدمات کا چالان جمع کروایا گیا۔چالان میں عمران خان سمیت دیگر کو جناح ہاؤس، عسکری ٹاؤر اور شیرپاؤ پل سمیت 11 مقدمات میں قصور قرار دیا گیا۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت نے طیبہ راجہ سمیت جناح ہاؤس کیس کے 11 ملزمان کی درخواست ضمانت بھی خارج کی تھی تاہم عدالت نے ڈاکٹر سرمد اور محمد اقبال کی درخواست ضمانت منظور کی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا۔ طیبہ راجہ،قاسم علی،شیخ تخلیق،اسامہ عارف،محمد اشفاق،رانا غضنفر،شہرام مبارک،بابر حسین،قربان علی،محمد مقبول اور طارق مسیح کی درخواست ضمانت خارج کی گئی تھی۔ ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڑ میں مقدمہ درج ہے،ملزمان پر جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے،مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات کو شامل کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں