اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی وزارت منصوبہ بندی نے چین کی جانب سے سی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنےکی خبریں بے بنیاد قرار دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان اور چین سی پیک کا دائرہ مختلف شعبوں میں وسعت دینےکے لیے پرُعزم ہیں، سی پیک کی بدولت پاکستان کے انفرااسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئی ہے، مختلف شعبوں میں جدت آئی ہے اور ان کی صلاحیت میں بھی قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہےکہ چین اور پاکستان سی پیک تعاون کو آبی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں تک توسیع دینے پر کام کر رہے ہیں، یہ شعبے پہلے ہی سے سی پیک کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ تھے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے مختلف منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے تحت نئے منصوبوں کی شمولیت پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں