کراچی ( پی این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں 24 اکتوبر کو ریفرنس کی دوبارہ سماعت ہوگی۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا جس اسٹیج پر ریفرنس کی سماعت رکی ہوئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہوگی۔سپریم کورٹ کے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت میں ریفرنسز پر کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس دوبارہ کھل گیا۔ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کو 10 اکتوبر کو طلب کر لیا،جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ کی طلبی کا سمن بھی جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف کیس واپس نیب کو بھیج دیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل نیب حکام نے 18 ریفرنسز کا ریکارڈ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جمع کروایا تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف،آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کا ریکارڈ جمع کروا دیا گیا۔اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کیخلاف ریفرنس کا ریکارڈ بھی جمع کروایا گیا۔ نیب حکام نے تینوں ریفرنس احتساب عدالت نمبر 3 میں جمع کروائے،آصف زرداری کیخلاف 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ عدالت میں جمع کروایا گیا۔
جبکہ چیئرمین نیب نے کرپشن کیخلاف کارروائیوں کیلئے حساس اداروں کے افسران کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا،نیب نے اہم عہدوں پر تقرریوں کیلئے ڈیپوٹیشن پر حساس اداروں کے افسران مانگ لئے۔ حساس اداروں کے افسران آئندہ چند روز میں نیب میں کام شروع کر دیں گے۔ ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد حساس اداروں کے افسران کی خدمات کیلئے خط لکھ دیا گیا،نیب میں تمام خالی آسامیوں پر بھی فی الفور تقرریاں کر دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسکیوٹر جنرل کے عہدوں پر بھی جلد مستقل افسران کا تقرر کر دیا جائے گا،ڈیپوٹیشن پر تعینات ہونے والے حساس اداروں کے افسران اور اہلکار نیب دفاتر میں فرائض سر انجام دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں