نواز شریف کی واپسی سے متعلق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا ردِعمل بھی آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق بہت سے قانونی پہلوؤں کو دیکھنا ہوگا، اور نواز شریف کی واپسی پر قانون کے مطابق عمل کریں گے۔

منگل کو لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم یہ تاثر نہیں دینا چاہتے کہ ہم کسی سیاسی قیادت کے خلاف ہیں۔ ہم جو کچھ بھی کریں گے وہ پاکستان کے قانون کے مطابق کریں گے۔‘لندن میں نواز شریف یا شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ہم نے کسی سیاسی جماعت کے ساتھ ملاقات نہیں کی۔ میں یہاں ریاستی امور انجام دینے آیا ہوں۔‘عمران خان کے بغیر الیکشن کروانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’میرے پاس غیب کا علم نہیں ہے کس کے ساتھ الیکشن ہوگا اور کس کے بغیر ہوگا۔ مجھ سے منسوب کرکے ایسے جملے بنائے جاتے ہیں جن کا میرے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا۔‘نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اگر قانون کسی بھی سیاسی رہنما کو اجازت دے گا تو وہ الیکشن میں حصہ لے گا اور اگر نہیں دے گا تو نہیں لے گا۔‘عمران خان کے ساتھ ڈیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ کوئی ڈھیل ہے۔ یہ میڈیا کی باتیں ہیں اور میں اس کو اہمیت نہیں دیتا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’نو مئی کو جو کچھ ہوا وہ منصوبہ بندی کے تحت ہوا۔

اگر آپ چیزوں کو انارکی طرف لے کر جائیں گے تو انتشار پھیلے گا۔ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتنی نرمی نہیں برتنی چاہیے کہ وہ اس حد تک جائے اور قانون پر عمل نہ کیا جائے۔‘ان کے مطابق الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرے گی اور جلد الیکشن کی تاریخ کا بھی اعلان ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close