ایکساتھ تین چھٹیوں کی خوشخبری سنا دی گئی

لاہور ( پی این آئی ) ملازمت پیشہ افراد، طلباء کو ایک ساتھ 3 تعطیلات مل گئیں، عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک کی بیشتر آبادی 3 تعطیلات سے مستفید ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 29 ستمبر بروز جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

عام تعطیل کے باعث 29 ستمبر بروز جمعہ کو ملک بھر میں بینک بند رہیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث بھی بینک بند رہیں گے، یوں بینک ایک ساتھ 3 تعطیلات کے بعد 2 اکتوبر بروز پیر کو کھلیں گے۔ بینکوں کے علاوہ ملک بھر کے بیشتر ملازمت پیشہ افراد اور طلباء کو بھی ایک ساتھ 3 تعطیلات ملیں گی۔ حکومت نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 29 ستمبر جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، نگران وزیر اعظم کی منظوری سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلہ میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا، کابینہ ڈویژن نے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 29 ستمبر جمعۃ المبارک کے روز ملک بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔ جبکہ 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ربیع الاوّل 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 16 ستمبر بروزہفتہ بمقام وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان، کوہسار کمپلیکس پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں چیئر مین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خالد جبکہ فنی معاونت کیلئے وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العا بدین،محکمہ موسمیات سے چیف میٹ ڈاکٹر سردار سرفراز اور محکمہ سپارکو سے غلام مرتضی نے ٹیلی فون کے ذریعے اپنی خدمات سرانجام دیں ۔ مرکزی و زونل ریت ہلال کمیٹی اسلام آباد کے ممبران میں مفتی ضمیر احمد ساجد،مفتی محمد اقبال نعیمی،مفتی عبدالسلام جلالی،مولانا ابو بکر صدیق،مولانا ہارون الرشید بالاکوٹی،علامہ مصطفی حیدر نقوی،پیر محمد ممتاز احمد ضیا نظامی و دیگرعلما کرام شریک تھے۔ جبکہ پورے ملک میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ،پشاورمیں منعقد کیے گئے۔

چاند کی رویت کے حوالے سے ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھ کر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اسلام آباد سمیت ملک کے کسی بھی علاقے میں چاند نظر نہیں آیا، لہذا ملک میں یکم ربیع الاول 18 ستمبر بروز پیر جبکہ عید میلاد النبیﷺ 29 ستمبر بروز جمعہ کو ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close