اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد پولیس اٹک جیل سے لے کر اڈیالہ جیل کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو تحریری عدالتی حکم پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی کے حصار میں اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا ہے، عمران خان کو براستہ موٹروے اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے سکیورٹی قافلے میں 13پولیس کی گاڑیاں، 2بکتر بند گاڑیاں اور ایک ایمبولینس شامل ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا ہے۔یاد رہے گزشتہ روز بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن جیل حکام کو عدالتی تحریری حکم موصول نہ ہونے پرانہیں اٹک جیل میں ہی رکھا گیا تھا۔دوسری جانب عمران خان نے عدالت کے روبرو اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کا بیان دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ عمران خان نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا،میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے اٹک سے اڈیالہ جیل نہ منتقل کیا جائے، میں اپنے وکلاء سے کہوں گا درخواست واپس لے لیں۔جبکہ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت کی۔ لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس کے سلسلے میں پیش کیا گیا،عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی گئی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت ہوئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی،اور چیئرمین پی ٹی آئی کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔ جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں