رہائی ملتے ہی صنم جاوید سمیت تحریک انصاف کی 4 خواتین کارکنان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

لاہور(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید سمیت چار خواتین کو رہا ہوتے ہی پنجاب پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے پیر کی رات کو عدالتی حکم پر رہا ہونے والی پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان کو کوٹ لکھپت جیل سے دوبارہ گرفتار کیا۔

رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار ہونے والے خواتین میں صنم جاوید، افشاں طارق، آشمیہ شجاع اور شاہ بانو شامل ہیں۔ چاروں کو کل جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت پیش کیا جائے گا۔ چاروں خواتین کو تھانہ سرور روڈ میں درج مقدمہ نمبر 109/23 میں گرفتار کیا گیا۔ پیر کو ہی کوٹ لکھپت جیل میں ان کی روبکار آئی تھی۔ پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر کئی گھنٹوں سے موجود تھی۔ پیر کو انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے صنم جاوید سمیت چار خواتین کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔ عدالت نے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد روبکار جاری کی۔ دو روز قبل سنیچر کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی تھی۔ جج ارشد جاوید نے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے تمام ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں کو نو مئی کو کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close