میڈیکل طلبہ کی فیسوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ

کراچی (آئی این پی) سرکاری، نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی زائد فیسوں کا معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق ان تعلیمی اداروں کی فیسوں میں نمایاں فرق مٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی فیسوں سے متعلق قواعد بنائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ان کالجز کی فیسوں کے بارے میں خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے، مذکورہ کمیٹی نیشنل میڈیکل و ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کے حکم پر قائم کی گئی ہے۔

پی ایم ڈی سی کے ذرائع نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق پانچ رکنی کمیٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، کمیٹی سرکاری، نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجوں کی انتظامیہ سے فیس اسٹرکچر طلب کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز سے 2020 سے بعد کا فیس اسٹرکچر طلب کیا جائے گا، کمیٹی ان کالجز کے فیس اسٹرکچر کی جانچ پڑتال کرے گی۔اس کے علاوہ کمیٹی فیسوں کے بارے میں سفارشات نیشنل میڈیکل و ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کو دے گی،جس کے بعد ان کالجز کی فیسوں کیلئے قواعد و ضوابط بنائے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ فیس پالیسی کے بارے میں حتمی فیصلہ نیشنل میڈیکل و ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کرے گا، مذکورہ کالجز سالانہ 30 لاکھ روپے تک فیس لے رہے ہیں جبکہ اوورسیز سیٹ پر 18 ہزار ڈالر سالانہ فیس وصول کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں